مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے حزب اللہ کے سرکردہ رہنما سید ہاشم صفی الدین کی شہادت پر بیان جاری کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ صیہونی حکومت کے دہشت گرد حملے میں حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید ہاشم صفی الدین اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر حضرت امام زمان علیہ السلام، رہبر معظم انقلاب اسلامی، لبنان اور فلسطین کے غیرت مند عوام اور مزاحمتی قوتوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں اور حریت پسندوں شہادت کی مبارک باد اور تعزیت پیش کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید سید ہاشم صفی الدین لبنانی مزاحمت کے قائدین اور بانیوں میں سے ایک تھے۔ وہ شہید سید حسن نصر اللہ کے قریبی اور وفادار ساتھیوں میں سے تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی بیت المقدس کی آزادی اور لبنان کی عزت کے دفاع میں گزاری۔ وہ صیہونی غاصب حکومت کی جارحیت اور جرائم کے خلاف جہاد کرتے ہوئے شہید ہوئے۔
وزارت خارجہ نے صیہونی حکومت کے اس ناقابل معافی جرم کے ارتکاب کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور غاصب حکومت کی حمایت کرنے والی دیگر حکومتوں پر بھی واقعے کی براہ راست ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بلا شبہ مزاحمت کے قائدین کی شہادت سے مجاہدین کے عزم، ایمان اور ارادے میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ مقاومتی جوان صہیونی حکومت کے خاتمے تک مبازرہ جاری رکھیں گے۔
آپ کا تبصرہ